.سعودی عرب اور ایران نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دونوں ملکوں کی کشیدگی کو شام میں جاری امن عمل پر اثر انداز نہیں ہونے دیا جائے گا۔
قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا، جس کے بعد پریس کانفرنس میں سعودی عرب کے وزیرخارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ ان کا ملک جنیوا میں مذاکرات کے ذریعے شام میں امن کاخواہش مند ہے، یہ عمل جاری
رہنا چاہیے اور سعودی عرب اس کی مکمل حمایت کرے گا۔
عادل الجبیر نے کہا کہ بعض ملکوں نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیش کش کی ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ تہران اس سلسلے میں کس قدر سنجیدہ ہے۔اُدھر تہران میں گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا کہ تہران اور ریاض کے درمیان کشیدگی کا اثر شام سے متعلق امن عمل پر نہیں پڑے گا۔